بغداد(این این آئی)امریکا نے عراق کو پڑوسی ملک ایران سے بجلی درآمد کرنے کی اجازت دے دی ہے اور اس ضمن میں پابندی کو ختم کر دیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکا نے گذشتہ سوموار کو ایران کے خلاف نئی مگر سخت اقتصادی پابندیاں عاید کی ہیں جن کے تحت ایران کے ساتھ کاروباری لین دین کرنے والے ملک کو بھی امریکی پابندیوں کا سامنا ہوسکتا ہے۔
لیکن صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے عراق کو اس پابندی سے مستثنا قرار دے دیا ہے اور اس کو ایران سے بجلی خرید کرنے کی اجازت دے دی ہے۔عراق اس وقت ایران سے بجلی کے علاوہ قدرتی گیس بھی خرید کررہا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے ایران کے بارے میں خصوصی ایلچی برائن ہْک نے واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عراق کو ایران سے توانائی درآمد کرنے کے لیے ایک خصوصی اجازت نامہ جاری کر دیا گیا ہے اور وہ درآمد کردہ بجلی کی قیمت ایران کو ادا کرسکے گا۔ہمیں امید ہے کہ اس اقدام سے عراق کو اپنے جنوبی علاقے میں بجلی کی قلت پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔انھوں نے کہاکہ عراق ( امریکا کا ) ایک دوست ملک اور شراکت دار ہے اور ہم اس کے استحکام اور خوش حالی کے لیے پْرعزم ہیں۔ایک عراقی عہدے دار نے بتایا کہ امریکا نے ہمیں ایک منصوبہ پیش کرنے کے لیے 45 دن کا وقت دیا ہے ۔اس کے تحت ہم یہ تجویز پیش کریں گے کہ ہم کیسے ایرانی گیس اور تیل پر بتدریج انحصار کم کرسکتے اور ان کا استعمال ختم کرسکتے ہیں۔