اسلام آباد(نیوز ڈیسک)راولپنڈی کی بینکنگ کورٹ نے منی سمگلنگ کیس میں ملزمہ ایان علی کے جوڈیشل ریمانڈ میں پچیس مئی تک توسیع کر دی گئی، مقدمے کا مکمل چالان پیش نہ کرنے پر عدالت نے کسٹم حکام کی سرزنش کی۔ درخواست ضمانت پر فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق منی سمگلنگ کیس میں ماڈل گرل ایان علی ساتویں مرتبہ عدالت میں پیش ہوئی، پیشی کے موقع پر ایان علی نے بلیک کلر کی پینٹ، شرٹ اور اس کے اوپر ہڈ پہن رکھا تھا۔ راولپنڈی کی بینکنگ کورٹ کے جج صابر سلطان نے ایان علی کیخلاف منی سمگلنگ کیس کی سماعت کی۔ کسٹم حکام کی جانب سے مقدمے کا مکمل چالان پیش نہ کرنے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔ کسٹم حکام نے عدالت کو بتایا کہ چالان جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ ملزمہ کی جانب سے ضمانت کی درخواست دائر کی گئی۔ عدالت نے ماڈل گرل ایان علی کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید سات روز کی توسیع کرتے ہوئے ملزمہ کی درخواست ضمانت پر فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے ، کیس کی مزید سماعت پچیس مئی تک ملتوی کر دی گئی۔ –