ریاض(این این آئی)سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے گذشتہ روز جنوبی سرحد پر جنگ مین زخمی ہونے والے سپاہیوں سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ کچھ وقت گذارا۔اس موقع پر ولی عہد نے جنگ میں زخمی ہونے والے سپاہیوں کو ہرممکن طبی سہولیات فراہم کرنے
کے احکامات دیے۔ ان کا کہناتھا کہ مجھے فخر ہے کہ میں آج قوم کے ان عظیم ہیروز کے درمیان ہوں جنہوں نے ملک وملت کے دفاع کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔اس موقع پر ولی عہد کی جنگ کے زخمیوں کے ساتھ ملاقات کی تصاویر اور ویڈیو بھی سامنے آئی ہے۔ ولی عہد محمد بن سلمان کو زخمیوں کو گلے لگاتے، ان کے ساتھ سیلفیاں بناتے اور ان کے گپ شپ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔انہوں نے جنگ کے زخمیوں کی خدمات کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔الریاض کے ایک سرکاری اسپتال کے دورے کے موقع پر زخمی عایض بن سند القحطانی سے ملاقات کے بعد ولی عہد نے کہا کہ سعودی سپاہیوں نے وطن کے دفاع کے لیے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔اس مو قع پر زخمی سپاہی القحطانی نے کہا کہ ولی عہد کا عیادت کے لیے آنا ہمارے لیے فخر اور خوشی کا باعث ہے۔خیال رہے کہ القحطانی آٹھ ماہ قبل زخمی ہوگئے تھے۔ یہ ان کے زخمی ہونے کا دوسرا واقعہ ہے۔ زمین میں نصب بم پھٹنے سے ان کی دونوں ٹانگیں ضائع ہو گئی تھیں۔ایک دوسرے زخمی سپاہی حسن الفیفی نے کہا کہ ولی عہد محمد سلمان کی آمد اور ان سے ملاقات کو میں لفظوں میں بیان نہیں کرسکتا۔ انہوں اسپتال میں جنگ کے زخمیوں سے ملاقات کرکے ان کی حوصلہ افزائی کی ہے۔زخمی سپاہیوں کا کہنا تھا کہ وہ وطن کے دفاع کے لیے مر مٹنے کے لیے تیار ہیں۔ جب تک ان کی جان میں جان ہے وہ وطن کے دفاع کے لیے بار بار زخمی ہونے کے لیے بھی تیار ہیں۔