کولالمپور(مانیٹرنگ ڈیسک) ملائشیا کے شہر کوالا کانگسر میں ماں کے نظر انداز کرنے پر بندر نے بلی کے بچے کو گود لے لیا، انوکھی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر صارف ’رومی شاہ‘ نے ایک ویڈیو اپ لوڈ کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے۔
بندر بلی کے بچے کو ہاتھ میں اٹھائے ایک اونچے مقام کی طرف جارہا ہے۔ انوکھے واقعے کی ویڈیو کو اب تک 30 لاکھ سے زائد لوگ دیکھ چکے ، اکثر صارفین بندر کی اس حرکت پر حیران بھی ہیں۔ رومی کی طرف سے شیئر ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بندر ایک بلی کے بچے کو ماں کی غیر موجودگی میں اٹھا کر فرار ہوا اور پھر وہ اونچے مقام پر اُسے پکڑ کر بیٹھ گیا۔ حیران کُن طور پر ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بلی کے بچے کی جانب سے کوئی مزاحمت نہیں ہوئی بلکہ وہ بھی خاموشی سے بندر کے پاس بیٹھا رہا جبکہ اس دوران اُس کی ماں نیچے سے پکارتی رہی۔ رومی کا کہنا تھا کہ ’بندر کی بلی کے بچے سے محبت بہت ہی عجیب تھی کیونکہ اُس نے ماں کی غیر موجودگی کا فائدہ اٹھایا اور پھر اُسے لے کر اوپر بیٹھ گیا، اس دوران بندر نے بھی بچے پر کوئی تشدد نہیں کیا بلکہ اُس کا خیال رکھا‘۔ صارف کا کہنا تھا کہ ’بچے کی ماں جب دوسری بلی کے قریب گئی تو بندر نے اسی دوران اُسے گود میں اٹھایا اور بھاگ گیا‘۔ صارفین نے بندر کی اس حرکت کو اغوا جبکہ کچھ لوگ اسے بندر کی رحم دلی کا نام دیا۔