اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز کے سرپرست شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ توانائی کے شعبہ کا نہ ختم ہونے والا بحران اور بجلی کی قیمت میں حالیہ اضافہ سابقہ حکومت کی بد انتظامی نا اہلی اور کرپشن کا نتیجہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا، شاہد رشید بٹ کا کہنا تھا کہ کرپشن کی وجہ سے عوام، پیداوار اور برامدات کو زبردست نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو سابقہ حکومت کے کارناموں کو حل کرنے اور صورت حال بہتر بنانے میں وقت لگے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ سابقہ حکومت نے بجلی کی پیداوار بڑھانے پر اربوں ڈالر لگائے اور اس میں بڑے پیمانے پر کرپشن بھی ہوئی۔ چیمبر آف اسمال ٹریڈرز کے سرپرست کا کہنا تھا کہ پچھلی حکومت نے نااہلی کی مثال قائم کرتے ہوئے بجلی کی ٹرانسمیشن، ڈسٹری بیوشن، چوری، لائن لاسزاور بلوں کی ریکوری جیسے مسائل پر بالکل توجہ نہ دی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سابقہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے سسٹم میں سرپلس بجلی موجود ہے، جس کی قیمت بھی ادا کی جا رہی ہے مگر اسے صارفین تک پہنچانا ناممکن ہے۔