لاہور(آن لائن) پنجاب اسمبلی میں قرارداد لانے سے پہلے جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کیلئے انتظامی اقدامات کی سفارشات کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق جنوبی پنجاب کے معاملے پرانتظامی اقدامات کی وزیراعظم سے منظوری لی جائے گی۔ جنوبی پنجاب صوبہ کاالگ بجٹ اکاؤنٹ قائم کرنے کی تجویز دی گئی ہے ۔ جنوبی پنجاب کابجٹ کسی اور مد میں استعمال نہیں ہوگا ۔ بینک آف پنجاب میں جنوبی پنجاب کے فنڈز کاالگ اکاؤنٹ کھلوانے اور جنوبی پنجاب کے لئے بہاولپور میں انتظامی سیکرٹریٹ قائم کرنے
کی تجویز دی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق چیف سیکرٹری کو مہینے میں ایک یا دو بار انتظامی سیکرٹریٹ کادورہ کرنے کا پابند بنانے پرغور کیا جارہاہے جبکہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ، ایڈیشنل آئی جی کو انتظامی سیکرٹریٹ میں بٹھانے پر بھی غور ہورہاہے ۔ تمام سفارشات وزیراعلیٰ کی منظوری کے بعد وزیراعظم کے سامنے رکھی جائیں گی۔ وزیراعظم عمران خان کی منظوری کے بعد انتظامی اقدامات کاحتمی اعلان کیا جائے گا ۔ پنجاب حکومت کو دوتہائی اکثریت سے قرارداد پاس کروانے میں مشکل کاسامنا ہے۔