لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) امیر قطر شیخ تمیم بن حمد التھانی نومبر کے آخری ہفتے میں پاکستان کا دورہ کریں گے، ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں تعینات قطر کے سفیر صقر مبارک المنصوری نے کہا کہ امیر قطر نومبر میں وزیراعظم عمران خان سے اہم ملاقات کریں گے، اس ملاقات کے موقع پر پاکستان اور قطر کے درمیان اہم معاہدوں پر دستخط بھی متوقع ہیں، قطر کے سفیر نے کہا کہ پاکستان کو قطر کی جانب سے مکمل حمایت کی یقین دہانی کروا دی گئی ہے اس کے علاوہ
فنانشل سپورٹ کے لیے وزیر خزانہ اسد عمر کو دعوت نامہ بھی بھجوایا جا رہا ہے تاکہ ترکش ماڈل کے تحت پاکستان سے مکمل طور پر تعاون کیا جائے۔ قطری سفیر نے کہا کہ ہم پاکستان کو کسی صورت مشکل حالات میں اکیلا نہیں چھوڑیں گے، انہوں نے کہا کہ قطر کی طرف سے پاکستان کی جس حد تک مدد ہو سکے گی ہم وہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے خصوصی مشیر برائے اوورسیز پاکستانیز زلفی بخاری نوکریاں دینے سے متعلق قطر کی اعلیٰ اتھارٹیز سے رابطے میں ہیں۔