کراچی (این این آئی)پی آئی اے کے سی ای او ثاقب عزیز نے چیف آپریٹنگ آفیسر کو غیر معمولی اختیارات دے دئیے،سی ای او کی جانب سے نئے حکم نامے میں چیف آپریٹنگ آفیسر کو بااختیار بنا دیا گیا۔حکم نا مے کے مطابق روزانہ کے معمولات سے لے کر ائیر لائن کے آپریشن اور اسٹریجک مینجمنٹ معاملات سپرد کردیئے گئے ہیں ۔فلائٹ آپریشن، سیفٹی اینڈ کوالٹی، گرانڈ سروس ،انجینئرنگ انفارمیشن ٹیکنالوجی تمام معاملات سی او او کے سپرد کیے گئے، سرکلر میں تمام ڈپارٹمنٹس اور تنظیمی افسران کو زیادہ سے زیادہ تعاون کرنے کی ہدایت کی
گئی ہے، ادارے کو بہتر کرنے کے لئے سرکلر فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔دریں اثناء قومی ایئر لائن پی آئی اے نے حج آپریشن کے دوران اضافی سامان کی مد میں دو ملین ریال سے زائد کااضافی ریونیو حاصل کر لیا ۔ بتایا گیا ہے کہ پی آئی اے کی تاریخ میں پہلی بار اضافی سامان کی مد میں اتنی رقم پی آئی اے کے خزانے میں جمع ہوئی۔پی آئی اے نے اسٹیشن منیجر لاہور طارق مجید کو، جدہ تعینات کیا تھا مگر اب انتظامیہ نے اضافی سامان کی مد میں ریکارڈ ریونیو جمع کرنے پر طارق مجید کو دوبارہ لاہور ائیرپورٹ پر اسٹیشن منیجر تعینات کر دیا ہے۔