اسلام آباد(آئی این پی) آبی ماہرین نے کہا کہ گلگت بلتستان کو کم ازکم 1000میگاواٹ بجلی بنانے کا اختیار دیا جائے ، پاکستان کے پاس 2066کیوبک کلومیٹر گلیشئر ہیں ، دیامر بھاشا ڈیم پانی ذخیرہ کرنے کے حوالے سے بہترین آپشن ہے ۔ ہفتہ کو پانی کی قلت سے متعلق دو روزہ کانفرنس سے مقررین نے خطاب کیا۔ ہفتہ کو کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے آبی ماہر اظہار ہنزائی نے کہا کہ چیلنج یہ ہے کہ 1.5ڈگری درجہ حرارت میں اضافہ ہو رہا ہے ، گلگت بلتستان کو کم ازکم 1000میگاواٹ بجلی بنانے کا
اختیار دیا جائے ، ڈونلڈبلیک مور نے کہا کہ پاکستان کو آبی ذخائر تعمیر کرنے کی ضرورت ہے ، پانی کی منیجمنٹ کے حوالے سے اقدامات کی ضرورت ہے۔ بین الاقوامی ماہر گریک مورس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تربیلا ڈیم کی صلاحیت تیزی سے ختم ہو رہی ہے ، صورتحال پر خاموش بیٹھے تو دنیا پاکستان کیلئے مخلص نہیں ، دیامر بھاشا ڈیم پانی ذخیرہ کرنے کے حوالے سے بہترین آپشن ہے ، تربیلا ڈیم سے مٹی نکالے جانے کی ضرورت ہے ، کالا باغ ڈیم میں مٹی اور ریت جمع ہونے کا مسئلہ پیدا ہو سکتا ہے ۔