لاہور ( این این آئی) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے ترجمان سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت اٹھارویں ترمیم اور این ایف سی کے ساتھ چھیڑخانی کا خیال ذہن سے نکال دے، صوبوں کے مالی اور انتظامی اختیار کم کرنا وفاق کے ساتھ کھلواڑ کے مترادف ہوگا۔انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ وفاقی حکومت کو مشورہ ہے کہ فیصلے کرنے سے قبل زرہ آئین کا مطالعہ بھی کر لیا کرے، آئین میں واضح ہے کہ این ایف سی ایوارڈ میں صوبوں کا حصہ بڑھے گا کم نہیں ہوگا، اگر این ایف
سے اور اٹھارویں ترمیم کو چھیڑا گیا تو ملک کی بنیادیں ہل جائیں گی۔ترجمان بلاول بھٹو نے کہا کہ پالیسی کے فقدان اور ناقص فیصلوں کی وجہ سے پہلے ملک بدترین معاشی بحران کا شکارہو چکا ہے، نیا پاکستان کا خواب دکھانے والوں نے پرانے پاکستان کو بدحال کر دیا ہے، نئے پاکستان کا خواب لے کر تحریک انصاف کا ساتھ دینے والے بھی مایوسی کا شکار ہو چکے ہیں۔ مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ نئے پاکستان کے نعرے کے پیچھے چلنے والوں کی اکثریت کی گھر واپسی کا سفر شروع ہونے والا ہے۔