اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)تبدیلی کی بات کرنے والوں میں بھی تبدیلی نہ آسکی، وزیر اعظم کی ہدایت پر تھر صورتحال اور کول پروجیکٹ کا جائزہ لینے آئے گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزراء کی بھی تھر میں شاہانہ انداز میں آمد۔صاحبان موصوف کے قافلے میں 60سے زائد دھول اڑاتی گاڑیاں موجود تھیں۔روزنامہ جنگ کے مطابق تھر جو پر امن خطہ ہے وہاں پر پہلی مرتبہ گورنر کی آمد کے دوران اسلام کوٹ شہر کو مکمل طور پر بند کروایا گیا جبکہ گور نر سندھ نے میڈ یا سے بات چیت
کے دوران کہا کہ مجھے کسی قسم کا پروٹوکول نہیں چاہئے۔ادھر اچانک شہر کی بندش سے دیہا تو ں سے خریداری کے لئےآنے والے لوگ پریشان ہوئے۔اسلام کوٹ شھر سمیت کول ایریا کی جانب جانے والے داخلی و خارجی راستوں پر سینکڑوں اہلکار تعینات کئے گئے۔پولیس اہلکاروں نے سڑک پر ٹینکرز بھی کھڑے کر دیئے تھے۔ مسافر گاڑیوں کو شہر سے کئی میل دور روک دیا گیا۔شہر میں اسکول سے چھٹی کرکے گھر جانے والے طالب علم بھی پر یشا نی سے دوچار ہوئے اور شدید دھوپ میں راستہ کھلنے کا انتطار کرتے رہے۔