اسلام آباد(سی پی پی)سپریم کورٹ آف پاکستان نے بنی گالہ تجاوزات کیس میں تعمیرات کوریگولرائزکرنے کے معاملے پرکمیٹی قائم کردی،چیئرمین سی ڈی اے،سیکرٹری ہاؤسنگ ولوکل گورنمنٹ،سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی اورسیکرٹری داخلہ کمیٹی میں شامل ہوں گے جبکہ چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیئے ہیں کہ سب سے پہلے عمران خان کاگھرریگولرائزہوگا۔
اس کوسیاسی بیان نہ سمجھاجائے،سب سے پہلے عمران خان جرمانہ اداکریں گے، قواعد پر پورا نہ اترنے والی کمپنیوں کی لیزمنسوخ کی جائیں۔تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں بنچ نے بنی گالہ تجاوزات کیس کی سماعت کی،چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے عمران خان کاگھرریگولرائزہوگا،اس کوسیاسی بیان نہ سمجھاجائے،سب سے پہلے عمران خان جرمانہ اداکریں گے۔چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ عمران خان کے بعدباقی لوگوں کوعمارتیں ریگولرائزکرانے کاکہاجائیگا،ریگولرائزیشن کامعاملہ حل ہونے تک نئی عمارتوں کی اجازت نہیں دیں گے،چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ ایک وزیرکابیان ہے سابق حکومت نے گمراہ کیا،پتہ نہیں ووٹ بینک کم ہونے کی وجہ سے ایسابیان دیا،سیوریج کاپانی راول جھیل میں ڈالاجارہاہے،وہی پانی ہم پی رہے ہیں۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ رپورٹ کاچوتھاحصہ راول جھیل آلودگی سے متعلق ہے،50 یوسیز،59 ہاؤسنگ سوسائٹیزکاسیوریج پانی راول جھیل میں گرتاہے۔عدالت نے عمران خان کے وکیل بابراعوان سے استفسار کیا کہ آپ لوگوں نے 50 دنوں میں کیااقدامات کیے؟اس پر بابر اعوان نے کہا کہ آج کل شہریارآفریدی معاملات کودیکھ رہے ہیں،چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ دریائے راوی گندانالہ بن چکاہے،عائشہ حامدوکیل رہائشی نے کہا کہ زون 3 والوں کونوٹسز جاری نہیں کیے گئے۔
چیف جسٹس پاکستان نے استفسار کیا کہ صرف زون 4 والوں کونوٹسزجاری کیے گئے،کیااس کوبھی گرادیں؟ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ بوٹینیکل گارڈن کی نرسری میں شہدکی مکھیاں پالی جارہی ہیں،چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ ہم توپی ٹی آئی والوں کی کارکردگی دیکھناچاہتے ہیں،انہی لوگوں نے اس مسئلے کیلئے درخواست دائرکی تھی،اب یہ لوگ خودحکومت میں آگئے،دیکھناہے اب یہ کیاکرتے ہیں۔سپریم کورٹ آف پاکستان نے بنی گالہ تجاوزات کیس میں تعمیرات کوریگولرائزکرنے کے معاملے پرکمیٹی قائم کردی۔
چیئرمین سی ڈی اے، سیکرٹری ہاؤسنگ ولوکل گورنمنٹ،سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی اورسیکرٹری داخلہ کمیٹی میں شامل ہوں گے،چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیئے ہیں کہ کمیٹی بنی گالہ میں ریگولرائزیشن کا جائزہ لے گی،سیکرٹری داخلہ کمیٹی کی سربراہی کریں گے،کمیٹی 10 روز میں رپورٹ پیش کرے۔عدالت نے کہا ہے کہ راول جھیل کی آلودگی کے معاملے کوالگ سے دیکھیں گے،چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ ہمیں پانی اور ماحول صاف چاہئے،عدالت نے بنی گالہ تجاوزات سے متعلق کیس کی سماعت 29 اکتوبرتک ملتوی کردی۔