ممبئی(اسپورٹس ڈیسک) ہراسانی کے خلاف بھارت میں جاری مہم ’می ٹو ‘ کا شور شرابہ بالی وڈ سے بھارتی کرکٹ پہنچ گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق 2016 سے بھارتی کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے عہدے پر فائز راہول جوہری پر ایک خاتون صحافی کی جانب سے نا مناسب رویے اور ہراسگی کا الزام لگایا گیاہے۔راہول جوہری کے خلاف سوشل میڈیا پر ایک مصنفہ کی جانب سے پوسٹ منظر عام پر آئی جس میں انہوں نے لکھا کہ انہیں ایک خاتون صحافی کی جانب سے کئی صفحوں پر مشتمل ای میل موصول ہوئی جس میں انہوں نے راہول جوہری کی جانب سے کی گئی زیادتی کا واقعہ بیان
کیا ہے ۔مصنفہ نے لکھا کہ ’خاتون نے اپنا نام راز میں رکھنے کی درخواست کی ہے ٗراہول جوہری تمہارا وقت پورا ہو گیا۔ای میل کرنے والی خاتون صحافی نے لکھا کہ جس وقت یہ واقعہ پیش آیا اس وقت راہول جوہری بھی ایک چینل میں ایگزیکٹو وائس پریزیڈنٹ اور جنرل مینیجر کی حیثیت سے کام کر رہے تھے۔ شعبہ مشترکہ ہونے کی وجہ سے دونوں میں اکثر ملاقات رہتی تھی۔وہ ایک بڑے چینل کے بڑے عہدے پر فائز تھے جبکہ مجھے کسی اچھے چینل میں ملازمت کی تلاش تھی۔واضح رہے اس سے ایک دن قبل سابق سری لنکن کھلاڑی راناٹنگا اور مالنگا بھی اس طرح کے الزامات کی زد میں آئے۔