کینبیرا(مانیٹرنگ ڈیسک)آسٹریلیا کے ساحل سے ایک ایسی لڑکی کا خط ملا جسے محبت میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، خاتون نے اس پرچے کو بوتل میں بند کر کے سمندر برد کردیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے شہر کوئینز لینڈ میں واقع ساحل سے پریمی جوڑے کو محبت میں ناکام ہونے والی لڑکی کا جذباتی خط بوتل میں ملا جس کی کہانی کا اختتام کچھ اچھا نہ تھا۔
واقعہ کچھ یوں ہوا کہ ڈینیل میکینلے اپنے دوست کے ساتھ ساحل پر گھوم رہی تھیں کہ اُن کی نظر ایک بوتل پر پڑی جو پانی میں تیر رہی تھی۔ ڈینیل نے بوتل کی طرف اشارہ کیا تو دونوں اُس کو اٹھانے کے لیے بھاگے اور بلآخر اسے کامیابی سے حاصل کیا۔ بوتل کے ڈھکن کو کھول کر دونوں نے اندر لکھے پرچے کو نکالا تو اُس پر چینی زبان میں تحریر درج تھی اور دل کا نشان تھا جس سے ظاہر ہورہا تھا کہ یہ عاشق کی کار گزاری ہے۔ ڈینیل نے اُس پرچے کی تصویر کھینچ کر سوشل میڈیا پر شیئر کی تو وہ وائرل ہوئی، اسی دوران یہ پوسٹ چینی زبان میں مہارت رکھنے والے ایک صارف تک پہنچی جس نے اُس کا انگریزی میں ترجمہ کیا۔ خط چین سے تعلق رکھنے والی لڑکی نے اپنے منگیتر جینگ کو لکھا تھا۔ ’میں اپنے گھر میں منگیتر کی کمی بہت محسوس کرتی ہوں، آج میں معافی مانگ کر اپنے خط کو بحر ہند کی نظر کرنے جارہی ہوں۔‘ ’میں نے پرچے میں وہ سب کچھ تحریر کیا جو میرے دماغ میں تھا اور اب اسے بوتل میں بند کر کے سمندر میں پھینک رہی ہوں، میری خواہش ہے کہ جینگ گھر واپس آجائے اور پھر ہم خوشی خوشی زندگی بسر کریں‘۔ ’مجھے یقین ہے کہ یہ بوتل گہرے سمندر میں چلی جائے گی جسے کوئی بھی حاصل نہیں کرسکے گا اور نہ ہی اس میں لکھی تحریر کبھی کسی کے ہاتھ لگے گی، میں نے وہ کیا جو میرے دل کو بہتر لگا‘۔ ’میں تم سے بہت محبت کرتی ہوں، جینگ‘ پوسٹ وائرل ہوئی تو لوگوں نے لڑکی کا سراغ لگایا اور اُس سے رابطہ بھی کیا۔ آسٹریلین میڈیا کے مطابق لڑکی نے یہ خط اپنے سابقہ منگیتر کے نام چار سال قبل لکھا۔ لڑکی کا کہنا تھا کہ ’میرا سابقہ منگیتر بہت اچھا انسان تھا مگر مسئلہ یہ تھا کہ وہ دوسرے خاندان سے تعلق رکھتا تھا جس کی وجہ سے ہمارا رشتہ ختم ہوا، دنیا میں اُس کے جیسا کوئی دوسرا شخص نہیں ہے اور نہ دوبارہ کوئی وہ مقام حاصل کرسکتا ہے‘۔