لاہور( این این آئی)اوپن مارکیٹ میں مہنگائی کا طوفان آ گیا، برائلر گوشت ،فارمی انڈوں اور گھی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ۔لاہورسمیت مختلف شہروں میں پرچون سطح پر برائلر گوشت اور فارمی انڈوں کی قیمت میں اضافے کا رجحان دیکھا جارہا ہے ۔ برائلر گوشت مزید 10روپے اضافے سے 223روپے، زندہ برائلر مرغی 7روپے اضافے سے 154روپے فی کلو جبکہ فارمی انڈوں کی قیمت 4روپے اضافے سے 106روپے فی درجن ہو گئی ۔
علاوہ ازیں اوپن مارکیٹ میں درجہ اول اور دوئم گھی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہو گیا ۔درجہ اول 16کلو گھی کاکنستر 80روپے مہنگا ہو کر 2ہزار830روپے جبکہ درجہ دوئم 16کلو کا کنسٹر 100روپے مہنگا ہو کر 2300روپے کا ہو گیا ۔درجہ اول کا گھی پانچ روپے جبکہ درجہ دوئم چھ روپے فی کلو مہنگا ہو گیا ۔پاؤڈر اور سرف بنانے والی کمپنیوں نے بھی قیمتوں میں 30سے 50روپے فی کلو اضافے کاعندیہ دیدیا ہے ۔