اسلام آباد(نیوز ڈیسک)سابق وزےر داخلہ سندھ ذوالفقار مرزا کے خلاف توڑ پھوڑ ، ہنگامہ آرائی اور اقدام قتل کی دفعات تحت تھانہ پنگرےو مےں مقدمہ درج کر کے 3 ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا ، مقدمے میں ذوالفقار مرزا کے 40 ساتھیوں کے نام بھی شامل ہیں۔ پنگریو شہر میں ڈاکٹر ذوالفقار مرزا گروپ کی جانب سے اپنے کارکن دیدار ملاح کی عدالتی چھاپے کے دوران ماتلی تھانے سے بازیابی کی خوشی میں ریلی نکالی جا رہی تھی کہ شہر کے شادی اسمال واہ پل کے قریب اس ریلی کے شرکا اور مخالف گروپ کمال خان چانگ کے حامی داد محمد لغاری کے درمیان تلخ کلامی ہو گئی جو کہ تصادم میں تبدیل ہوگئی۔ اس دوران ہوائی فائرنگ شروع ہوگئی جس کی وجہ سے قریبی دکانداروں میں بھگدڑ مچ گئی اور متعدد دکانداروں نے اپنی دکانیں بند کر دیں۔ تصادم کے دوران لاٹھیاں اور ڈنڈے لگنے کے باعث چھ افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس موقع پر پہنچی اور تصادم کو بڑھنے سے روکا ، پولیس نے کمال خان چانگ گروپ کے حامیوں سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا ہے۔ داد لغاری کی جانب سے پنگریو تھانے میں رپورٹ درج کرائی گئی جسکے بعد پولیس نے ذوالفقار مرزا اور اس کے چالیس ساتھیوں پر مقدمہ درج کر کے 3 ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔