واشنگٹن(نیوزڈیسک) امریکا نے پاکستان کو اسماعیلی برادری کی ایک بس پر حملے میں 45 ہلاکتوں کی تحقیقات میں مدد کی پیشکش کر دی۔امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ’ہم ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کی کوششوں کی حمایت کرتے ہوئے اس سانحہ کی تحقیقات میں مدد فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں‘۔دولت اسلامیہ (داعش) کی جانب سے ٹوئٹر پر حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کے دعوے کے بعد پاکستان، افغانستان اور ملحقہ علاقوں میں اس دہشت گرد جماعت کا اثر بڑھنے کے خدشات سامنے آ رہے ہیں۔کیری نے صفورا گوٹھ میں بس پر منظم حملے کو ’بھیانک‘ قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی اور کہا کہ امریکی عوام اس گھڑی میں پاکستانیوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کرتے ہیں۔کیری نے حملے کے متاثرین، ان کے اہل خانہ اور اسماعیلی برادری کے سربراہ پرنس آغا خان کریم سے تعزیت بھی کی۔