لندن(انٹرنیشنل ڈیسک)برطانوی وزیر دفاع گیون ولیمسن نے کہا ہے کہ برطانیہ کے یورپی یونین سے آئندہ اخراج یا بریگزٹ کے بعد بھی لندن کے فوجی دستے مقابلتاً تھوڑی تعداد میں لیکن جرمنی میں تعینات رہیں گے۔ ولیمسن کے مطابق یہ تعداد چند سو تک ہو گی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انہوں نے کہاکہ لندن حکومت کا ارادہ ہے کہ وہ مستقبل میں بیرونی ممالک میں تعینات اپنے فوجی دستوں کی تعداد کم کر دے گی۔ تاہم ملکی وزیر دفاع نے واضح کر دیا کہ بریگزٹ کے بعد بھی ایک اتحادی ملک کے طور پر جرمنی میں برطانوی
فوجی کم تعداد میں لیکن موجود رہیں گے۔ برطانوی وزیر دفاع گیون ولیمسن نے حکمران ٹوری پارٹی کی سالانہ کانگریس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ روس کا شمار ان سب سے بڑے خطرات میں ہوتا ہے، جن کا ہمیں آج سامنا ہے۔اس موقع پر ولیمسن نے یہ اعلان بھی کیا کہ لندن میں وزارت دفاع سالانہ قریب ایک ملین پاؤنڈ خرچ کرتے ہوئے ہر سال ایک نئی سائبر سکیورٹی فورس کے ارکان کے طور پر دو ہزار سے زائد کیڈٹس کو تربیت دے گی۔ ان کے مطابق یہ نیٹو کی کسی بھی رکن ریاست کی طرف سے اپنی نوعیت کا اولین پروگرام ہو گا۔