اسلام آباد (این این آئی) وفاقی حکومت نے بیرون ملک جائیداد رکھنے والے 2700 مالکان میں سے پہلے مرحلے میں 300 سے 400 اوورسیز پاکستانیوں کو نوٹس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے ۔نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں جائیدادوں کے پاکستانی مالکان کو نوٹس بھیجنے کیلئے ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں ایف بی آر، ایس ای سی پی ، نیب اور ایف آئی اے کے حکام نے شرکت کی ۔اجلاس میں طے پایا کہ بیرون ملک جائیداد رکھنے والے 2700 مالکان میں سے پہلے مرحلے میں 300 سے
400 ایسے اوورسیز پاکستانیوں کو نوٹس بھیجے جائیں جن کے نام پر 6 یا اس سے زائد جائیدادیں ہیں۔متحدہ عرب امارات میں جائیدادیں کیسے خریدی گئیں ؟ان کے ذرائع آمد ن کیا تھے ؟پاکستان یا اس سے باہر جو پیسا کمایا اس پر ٹیکس دیا گیایا نہیں ؟سرمایہ کیسے منتقل کیاگیا ؟ان جیسے سوالات پر مشتمل نوٹس اگلے ہفتے جاری کئے جائیں گے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق جو سرمایہ کار اپنے ذرائع آمدن جائز ہونے ، ٹیکس کی ادائیگی اور قانونی ذرائع سے سرمائے کی منتقلی کے ثبوت نہیں دے سکے گا اس کیخلاف کارروائی کی جائے گی ۔