اسلام آباد(نیوزڈیسک)وفاقی حکومت نے عوام پر ایک اور پٹرول بم گرانے کی تیاریاں مکمل کر لیں، اس سلسلے میں سمری تیار کر کے پٹرولیم ڈویژن کو ارسال کر دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق آئل اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پٹرول کی قیمت میں 4 روپے 50 پیسے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی ہے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے فی لٹر اضافے کی تجویز ہے۔ذرائع کے مطابق مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 3 روپے 50 پیسے فی لٹر اضافے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔ حتمی فیصلہ وزیرِاعظم عمران خان کے احکامات
کے بعد کیا جائے گا اور 30 ستمبر کو قیمتوں میں ردوبدل کی منظوری دی جائے گی۔خیال رہے کہ حکومت کی جانب سے جمعہ کو ہی پٹرول اور گیس کی قیمتوں کے تعین کا فارمولا سپریم کورٹ میں پیش کر دیا گیا ہے۔ پٹرول پر فی لیٹر 27 روپے حکومتی ٹیکس کا انکشاف ہوا ہے۔ عدالت نے ایل این جی معاہدوں کی تحقیقات میں پیشرفت کی رپورٹ 10 روز میں طلب کر لی ہے۔چیف جسٹس نے وزیر پٹرولیم سے کہا سرور خان صاحب ! آپ منتخب ہو کے آئے ہیں، مہنگائی کا جواب آپ نے دینا ہے، اختیارات کے غلط استعمال کی تحقیقات کروائیں۔