پشاور (آئی این پی ) ٹریفک وارڈن نے شہری سے رشوت لینے سے انکار کی اپنی ہی بنائی ہوئی ویڈیو جاری کرکے پولیس چیف سے انعام حاصل کرلیا۔پشاور میں ٹریفک وارڈن کی جانب سے رشوت نہ لینے کی ویڈیو سامنے آئی تھی جس کے بعد پولیس چیف نے وارڈن کو انعام اور سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان کیا تھا۔
رنگ روڈ پر ٹریفک پولیس اہلکار نے آصف رضا نامی ایک شخص کی گاڑی کو روکا اور گاڑی پر لگی پولیس فلیش لائٹ کو اتار لیا۔ڈرائیور نے ٹریفک وارڈن کو رشوت دینے کی کوشش کی لیکن پولیس اہلکار نے رشوت لینے اور پولیس فلیش لائٹ واپس دینے سے انکار کردیا۔گاڑی پر لگی فلیش لائٹ قبضے میں لینے کی ویڈیو بنانے کے دوران جب ڈرائیور نے 300 روپے رشوت دینی چاہی تو وارڈن آصف رضا کو پتہ تھا کہ ویڈیو بن رہی ہے، اس لیے اس نے ڈائیلاگ بھی مارے کہ 300 کیا تین سو کروڑ دوگے تو بھی نہیں لوں گا۔یہ ویڈیو کوئی اور نہیں بلکہ پولیس والے خود بنا رہے تھے جب کہ یہ ویڈیو مذکورہ ٹریفک وارڈن کا ساتھی بنا رہا تھا یعنی ویڈیو ریکارڈنگ کے دوران رشوت لینے کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔پولیس حکام کے مطابق رشوت دینے والے شہری کا تعلق ابیٹ آباد سے تھا جسے مہمان ہونے کے ناطے وارننگ دے کر چھوڑ دیا گیا ہے۔دوسری جانب سی سی پی او پشاور قاضی جمیل نے ٹریفک وارڈن کو پانچ ہزار روپے اور تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔ نجی ٹی وی سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ گاڑیوں اور موٹرسائیکلز پر لگی لیزر اور فلیش لائٹس کے خلاف آپریشن جاری ہے اور تین دنوں کے دوران 300 سے زیادہ مختلف نوعیت کی لائٹس قبضے میں لی گئی ہیں۔ٹریفک پولیس کے مطابق کسی بھی چالان کی وڈیو ریکارڈ کیلئے بنائی جاتی ہے اور بعد میں جاری کر دی جاتی ہے۔