اسلام آباد (این این آئی)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان زاہد خان نے پاکستان میں مقیم بے گھر افغانوں کو پاکستانی شہریت دینے کے بارے میں عوامی نیشنل پارٹی کے دیرینہ مطالبے کا خیرمقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ عملدرآمد کیلئے جامع طریقہ کار اور میکنزم بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک بیان میں اے این پی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے واضح کیا کہ شہریت کے بارے میں پاکستان کے قانون میں واضح طور پر درج ہے کہ پاکستان کے اندر پیدا ہونے والے بچوں کو پاکستانی شہریت کا حق حاصل ہوگا۔ ہماری پارٹی عرصہ دراز
سے اس قانون پر عمل کرنے کا مطالبہ کرتی آئی ہے۔ اب دیر آید درست آید کے مصداق افغان بے گھر افراد کو ایک قانونی حق کا مل جانا ایک احسن اقدام ہے۔ اس کے ساتھ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پاکستان میں مقیم بے گھر افغانوں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے اور ساتھ ہی ان کی دہری شہریت کا حق تسلیم کیا جائے تاکہ ان کی آمدورفت میں آسانی پیدا ہو۔تا کہ برادر پڑوسی ملکوں کے درمیان صحت مند تعلقات کو فروغ حاصل ہوسکے۔ انسانی حقوق پر عملدرآمد کرنے سے ملک کا بین الاقوامی امیج بہتر ہو سکے گا۔