اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ریلوے خسارہ کیس، چیف جسٹس نے سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کو فوری طلب کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں ریلوے خسارے سے متعلق بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ چیف جسٹس نے کیس کی سماعت کے آغاز میں ہی سعد رفیق کو
طلب کرنے کا حکم دیا جس پر عدالت کو بتایا گیا کہ سعد رفیق اب وزیر ریلوے نہیں رہے جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ یہ تمام معاملہ انہی کے دور میں سامنے آیا اور اب ریلوے خسارے سے متعلق رپورٹ بھی آچکی ہے جس پر یہ نیب کا کیس بنتا ہے ۔ سماعت سعد رفیق کی عدالت پیشی تک ملتوی کر دی گئی۔