ٹیکسلا ( آئی این پی) سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے قریبی ساتھی سابق ایم پی اے حاجی ملک عمر فاروق کے بھتیجے بیرسٹر عقیل ملک کو مسلم لیگ ن کی جانب سے پارٹی ٹکٹ جاری کردیا گیا،ٹکٹ کے حصول کی جنگ میں نواز شریف کے ساتھی جنہیں جنرل الیکشن میں چوہدری نثار علی خان کے مقابلے میں ٹکٹ جاری کیا گیا تھاسردار ممتاز خان بھی شامل تھے ، حلقے میں اس حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں،
ضمنی الیکشن کے لئے حلقہ این اے 63 میں بیرسٹر عقیل ملک کو مسلم لیگ ن کا ٹکٹ ملنے سے اب اصل مقابلہ پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن کے درمیان ہوگا۔یاد رہے کہ حاجی ملک عمر فاروق نے اپنے بھتیجے بیرسٹر عقیل ملک کے ہمراہ چند روز قبل اڈیالہ جیل میں نواز شریف اور مریم نواز سے خصوصی ملاقات کی تھی،ٹکٹ ملنے کے بعد حاجی ملک عمر فاروق جو جنرل الیکشن میں چوہدری نثار کے دھڑے میں شامل تھے اور جیپ کے نشان پر صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی19 سے الیکشن لڑا تھا اب چوہدری نثار کو خیر باد کہہ کر مسلم لیگ میں واپس لوٹ آئے ہیں ، عوامی حلقوں کی جانب سے اسے بڑی پیش رفت قرار دیا جارہا ہے،سیاسی تجزیہ نگاروں کے مطابق ملک عمر فاروق مقام سطح پر پارٹی کا بکھرا شیرازہ کو متحد کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں،یاد رہے کہ عام انتخابات میں چوہدری نثار کے آزاد حیثیت میں کھڑے ہونے سے پارٹی دو حصوں میں تقسیم ہوچکی تھی،بیرسٹر عقیل ملک کو امیدوار قرار دیا جارہا ہے،جیپ کے نشان پر کھڑے ہونے والے آزاد امیدوار پارٹی کی فعالیت کے لئے پر عزم نظر آرہے ہیں،ضمنی الیکشن میں اصل مقابلہ پی ٹی آئی کے وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان کے فرزند منصور حیات خان اور مسلم لیگ ن کے بیرسٹر عقیل ملک کے درمیان متوقع ہے ۔