لاہور( این این آئی) وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کی عارضی رہائی کی درخواست پر قانون کے مطابق کارروائی ہو گی، قانون کے مطابق 12گھنٹے کے لیے عارضی رہائی مل سکتی ہے ،بیگم کلثوم نواز ایک بہادر خاتون تھیں اور ان کی وفات پر دکھ اور افسوس ہوا ہے ۔ سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وزیراعظم نے لندن ہائی کمیشن کو مکمل معاونت کی ہدایت کی ہے ۔نواز شریف اور
مریم نواز کی عارضی رہائی کی درخواست پر قانون کے مطابق کارروائی ہو گی اورقانون کے مطابق 12گھنٹے کے لیے عارضی رہائی مل سکتی ہے۔قانون کے مطابق جو سہولت دی جاسکتی ہے وہ ضرور دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کو جتنی حمایت ملک کے اندرہے اتنی ہی باہر بھی ہے۔عمران خان کو ملک کی بہتری کیلئے بڑے فیصلے کرنا ہوں گے اور وہ کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ چینی حکام سے سی پیک میں تیسرے فریق کی شمولیت کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی ہے ۔مغربی میڈیا سی پیک کے حوالے سے منفی پراپیگنڈہ کررہا ہے۔سی پیک کے حوالے سے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی ڈراموں اور فلموں کو عربی زبان میں ڈبنگ کے بعد سعودی عرب میں پیش کیا جائے ۔میڈیا کے حوالے سے فریقین سے مشاورت کے ساتھ ریگولیٹری اتھارٹی بنائیں گے ۔میڈیا ورکرز کی تنخواہوں کے حوالے سے پی بی اے کے ساتھ حکمت عملی بنا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کسی صورت کرپشن کو برداشت نہیں کرے گی اورلوٹی ہوئی قومی دولت واپس لینے کیلئے ٹھوس اقدامات زیرغورہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہمعاشی سرگرمیوں کے فروغ سے ہی روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔پاکستان اپنے مفاد کے مطابق تمام ملکوں سے تعلقات میں توازن رکھے گا۔بھارت کو واضح کردیا ہے کہ
وہ ایک قدم آگے آئے گا تو ہم دو قدم بڑھائیں گے۔بھارت میں بڑھتی ہندو انتہاپسندی تشویش ناک ہے۔کشمیری عوام کی پاکستان کے ساتھ جذباتی وابستگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے بیرون ملک پاکستانیوں کو ڈیم فنڈ کیلئے عطیے کی اپیل کی ہے،بیرون ملک مقیم پاکستانی ڈیم فنڈ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔باہرکے ملکوں میں قید پاکستانیوں کی رہائی کیلئے رابطے کریں گے اور بیرون ممالک قید پاکستانیوں کی رہائی کیلئے کا م کررہے ہیں۔