اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان میں چین کے سفارتخانے نے برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز میں چین پاکستان اقتصادی راہداری(سی پیک ) کے حوالے سے شائع ہونیوالی بے بنیاد خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کا گیم چینجر منصوبے پر مؤقف یکساں ہے جو کہ باہمی طور پر مفید ہے ۔ پیر کو چینی سفارتخانے کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ سی پیک پر پاکستان اور چین کا مؤقف یکساں ہے ،یہ باہمی طور پر مفید منصوبہ ہے اور دونوں ممالک پاکستان کی ضروریات اور
ترقی کی خاطر سی پیک کی جلد تکمیل کیلئے پر عزم ہیں ، اس طرح کی بدنیت رپورٹیں جو کہ گمراہ کن اور غلط طور پر منسوب معلومات پر مبنی ہیں واضح کرتی ہیں کہ رپورٹ دینے والا سی پیک اور پاک چین روایتی شراکت داری کے حوالے سے مکمل طور پر لاعمل ہے ۔واضح رہے کہ پیر کے روز فنانشل ٹائمز نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ وزیراعظم پاکستان کے مشیر تجارت رزاق داؤ د کے مطابق حکومت چین کے ساتھ سی پیک معاہدے پر نظرثانی کیلئے غور کر رہی ہے ۔