اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) معروف صحافی و تجزیہ کار عبدالودود قریشی نے ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ڈیم نہیں بننے دیے جا رہے، بھارت بھی نہیں چاہتا کہ پاکستان ڈیم بنائے اس کے علاوہ ہمارے اندر ایسے عناصر موجود ہیں جو ڈیم کی مخالفت کر رہے ہیں، معروف صحافی نے کہا کہ چین میں بھی ڈیمز کے لیے عوام سے پیسے لیے گئے تھے مگر پاکستان میں مٹھی بھر عناصر کی طرف سے اس پر تنقید کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ
واپڈا کو بھی کنگال کر دیا گیا ہے، واپڈا جو پہلے پانی سے بجلی بنا کر منافع کماتا تھا اب خسارے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں نے خوب لوٹ مار کی، حکمران قوم کے ٹیکس کے پیسوں سے عیش کرتے ہیں پھر عوام بھلا ٹیکس کیوں دیں، معروف صحافی نے کہا کہ عوام کو سہولیات بھی نہیں دی جاتیں، کوئی پوچھنے والا نہیں اصلاحات میں وقت لگے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی نیت ٹھیک ہے وہ کام کرنا چاہتے ہیں۔ معروف صحافی نے کہا کہ ڈیم پرکام شروع ہونا چاہیے۔