پشاور(این این آئی) الیکشن کمیشن کے حکم پر خیبرپختونخوا اسمبلی کی نشست پی کے 23 شانگلہ میں دوبارہ ہونے والی پولنگ میں تحریک انصاف کے شوکت یوسفزئی کامیاب ہو گئے۔ 25 جولائی کے عام انتخابات میں خواتین ووٹرز کا ٹرن آؤٹ 10 فیصد سے کم ہونے کے باعث الیکشن کمیشن نے الیکشن دوبارہ کرانے کا حکم دیا تھا۔آج حلقے میں صبح 8 بجے شروع ہونے والا پولنگ کا عمل شام 6 بجے تک بلا تعطل جاری رہا۔
حلقے کے 135 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے شوکت یوسفزئی 42 ہزار 116 ووٹ لیکر کامیاب ہو گئے ہیں جب کہ مسلم لیگ ن کے محمد رشاد خان 22 ہزار315 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔عام انتخابات میں تحریک انصاف کے شوکت یوسفزئی 17 ہزار 399 کامیاب قرار پائے تھے جب کہ ن لیگ کے رشاد خان 15 ہزار 533 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے تھے