راولپنڈی( آئی این پی ) چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی ہیں ، عالمی برادری خطے میں امن و استحکام کے لئے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کرے ، سی پیک کے لئے سیکیورٹی کی فراہمی قابل ستائش اقدام ہے جبکہ آرمی چیف نے کہا ہے کہ پاکستان کوعالمی تنازعات کے باعث بہت مشکلات کاسامنا کرنا پڑا ،
امن واستحکام کے لئے کوششوں سے اپنا مقام حاصل کرینگے ، پاکستان عالمی محاذآرائی کے باعث سب سے زیاد ہ متاثرہوا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق ہفتہ کو یہاں چینی وزیر خارجہ وانگ ای کی سربراہی میں چینی وفد نے ملاقات کی جس دوران علاقائی سلامتی اور دو طرفہ تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ چینی وزیر خارجہ نے اس دوران کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات باہمی اعتماد ، احترام اور یکساں خیالات پر مبنی ہیں ۔ پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ دنیا کو خطے میں امن و استحکام کے حوالے سے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کرنا چاہیے ۔ انہوں نے سی پیک کو فراہم کی گئی سیکیورٹی کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین اشتراکیت پر مبنی خوشحالی پر یقین رکھتا ہے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران آرمی چیف نے چینی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان اور چین کی جانب سے پاکستان کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف نے کہا ہے کہ پاکستان کوعالمی تنازعات کے باعث بہت مشکلات کاسامنا کرنا پڑا ، امن واستحکام کے لئے کوششوں سے اپنا مقام حاصل کرینگے ، پاکستان عالمی محاذآرائی کے باعث سب سے زیاد ہ متاثرہوا، پاکستان کو دنیا کی قوموں میں جائز مقام دلانے کے لئے پر عزم ہیں ۔آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر پاکستان میں چین کے سفیر یاؤ جنگ بھی وفد کا حصہ تھے ۔