کراچی (این این آئی) میزان بینک لمٹیڈ نے 30جون2018ء کو ختم ہونے والی ششماہی کے منافع میں 30 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا ہے جو کہ گزشتہ مالی سال کے اس عرصے کے 3.16ارب روپے بعد از ٹیکس منافع مقابلے میں 4.12 ارب روپے رہا۔ بینک کی فی شئیر آمدنی 3.88 روپے رہی۔ اس بات کا اعلان میزان بینک کی بورڈ آف ڈائریکٹرز کی میٹنگ کے بعد کیا گیا جس کی صدارت بورڈ
کے چیئرمین ریاض ایس اے اے ادریس نے کی جبکہ اس موقع پر بورڈ کے وائس چیئرمین فیصل اے اے اے النصر بھی اس موقع پر موجود تھے۔میزان بینک نے اپنے حصص یافتگان کو ایک روپے پچاس پیسے کیش ڈیودنڈاور 10 فیصد بونس شئیر دینے کا اعلان کیا ہے۔ بینک کے ڈپازٹس جون 2017ء کے مقابلے میں19فیصد بڑھ کر 700ارب روپے رہے جبکہ بینک 160 شہروں میں602 برانچوں کے ساتھ ملک کے ساتویں بڑے بینک کی پوزیشن پر مستحکم ہے۔ بینک کی فی اور کمیشن آمدنی میں 23فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جوکہ ٹریڈ بزنس میں 44فیصد اضافے کا مرہون منت ہے۔ میزان بینک نے اپنی Capital Adequacy Ratioکو مزید مستحکم کرنے کیلئے ایک اضافی TIER1سکوک جاری کیا جسکی مالیت7ارب روپے ہے۔JCR-VISکریڈٹ ریٹنگ کمپنی کی ریٹنگ میں بینک کی طویل المدتی ریٹنگ ڈبل ا ے برقرار رہی ہے۔ بینک کی شارٹ ٹرم ریٹنگ مستحکم آؤٹ لک کے ساتھ A1+ ہے جوکہ بینک کی شاندار کارکردگی کو ظاہر کرتی ہے۔ میزان بینکAA اور A1+ کریڈٹ ریٹنگ کے ساتھ ملک کا واحد اسلامی بینک ہے ۔