لاڑکانہ(نیوزڈیسک)جماعت اسلامی کے مرکزی جنرل سیکریٹری لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پہلی بار ہوا ہے کہ طالبان نلتر واقعے کی ذمے داری قبول کر رہے ہیں تو حکومت اسے نہیں مان رہی جس سے کئی سوالات نے جنم لیا ہے اس واقعے کی صرف انکوائری نہیں بلکہ مکمل تحقیقات ہونی چاہیے تا کہ معاملہ صاف ہو سکے ، لاڑکانہ پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ ہم نلتر واقعے میں شہید اور زخمی ہونے والے پاکستانی اور غیر ملکی افراد کے ورثا اور ممالک کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، ایک سوال کے جواب میں لیاقت بلوچ نے کہا کہ ہماری الطاف حسین اور ایم کیو ایم کے ساتھ کوئی ذاتی دشمنی نہیں اور نہ ہی ہم ان پر پابندی کے حق میں ہیں تاہم کوئی جماعت جو ملکی آئین اور قانون کے خلاف کام کرے تو اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے ،لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ کراچی کے حالات خراب کرنے میں را اور بلیک واٹر سمیت بیرونی ممالک کی دیگر خفیہ ایجنسیز کام کر رہی ہیں کیونکہ عالمی طاقتیں نہیں چاہتیں کہ کراچی ترقی کرے اور پاکستان مستحکم ہو، انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے آصف زرداری پر لگائے گئے الزامات ان کی پارٹی کا اندرونی معاملہ ہے ، جماعت اسلامی سابق اسپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کے ساتھ ہے ، آصف زرداری خود الزامات کا جواب دیں، لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری کے دھرنے سے آئین اور جمہوریت کے لئے خطرہ پیدا ہو گیا تھا، اس لئے جماعت اسلامی کے امیر مولانا سراج الحق کی قیادت میں جرگے نے 60 مرتبہ مذاکرات کیے جس کے نتیجے میں دھاندلی کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن قائم ہوا، انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں ہونے والے عام انتخابات کے بعد جس حلقے میں ووٹوں کے تھیلے کھولے جائیں گے ان میں انتخابات کا چہرہ بگڑا ہوا ہی نظر آئے گا، جوڈیشل کمیشن کا فیصلہ سب کو قابل قبول ضرور ہو گا لیکن انتخابی اصلاحات کی ضرورت ہے جو نہیں کی جارہی ہے، انہوں نے کہا کہ سندھ کو دیہی اور شہری بنیادوں پر تقسیم کر کے تعلیم،صحت اور دیگر ضروریات زندگی کو تباہ کیا گیا ہے ، کمیشن اور کرپشن مافیا طاقتور ہو چکی ہیں جس طرح دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب کیا جارہا ہے اسی طرح عوام کو بھی اپنے ووٹ کے ذریعے ضرب عضب کر کے تبدیلی لانی ہو گی تاکہ معاملات بہتر ہو سکیں ، ایک اور سوال کے جواب میں لیاقت بلوچ نے کہا کہ بلدیاتی انتخابا ت جمہوریت کی نرسری ہوتے ہیں، جن پر صوبائی حکومتیں عمل نہیں کر رہی ہیں جو غلط عمل ہے ، انہوں نے کہاکہ ملک میں ہو نے والے بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی ہر ضلع اور ہر حلقے سے اپنے امیدوار سامنے لائے گی تاکہ تبدیلی لائی جاسکے ، اس موقع پر ان کے ہمراہ امیر صوبہ سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی،ممتاز سہتو ،شمس الدین عباسی اور دیگر بھی موجود تھے۔
–