کراچی (آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے نامزد صدارتی امیدوار عارف علوی نے کہا ہے کہ میں عمران خان اور کراچی کا مشکور ہوں‘ تحریک انصاف نے جو وعدہ کیا وہ پورا کریگی‘ عوام تسلی رکھیں جلد تبدیلی آئے گی‘ ہر صوبے میں انسانی حقوق کا خیال رکھا جائے گا‘ عوام سے تعلق برقرار رکھوں گا۔ وہ اتوار کو کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد تبدیلی کا عمل شروع ہوگیا ہے۔ میں پاکستانی عوام کو تسلی دیتا ہوں کہ
وہ ساتھ دیتے رہیں بہت جلد تبدیلی آجائے گی جس میں تعلیم‘ صحت‘ گھر اور نوکریاں جن کا تحریک انصاف نے وعدہ کیا وہ فراہم کی جائیں گی۔ تبدیلی کا راستہ کھلا ہے عمران خان آج روڈ میپ کا تعین کریں گے۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کو بھی کراچی میں ساتھ مل کر چلنے کی پیشکش کی ہے۔ رہائش سے پوچھے گئے سوال پر عارف علوی کا کہنا تھا کہ میں پارلیمنٹ لاجز میں رہ رہا ہوں اور مجھے وہ پسند بھی ہے ۔ تاہم اس بارے میں تحریک انصاف کا فیصلہ کیا ہو گا اس بارے میں ابھی کچھ نہیں کہہ سکتا ۔