راولپنڈی ( نیوزڈیسک ) عوام کی مشکلات برقرار ، راولپنڈی میٹرو بس منصوبہ چھٹی ڈیڈ لائن پر بھی مکمل نہ ہوسکا۔ وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کہتے ہیں اب کوئی حتمی تاریخ نہیں دی جائے گی ، انتظامیہ کام تیزی سے مکمل کرے۔ اتوار کا سورج چڑھا ہی تھا کہ وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف راولپنڈی میٹرو بس منصوبے کا جائزہ لینے میٹرو ٹریک پہنچ گئے۔ پھر کیا تھا پولیس کے ساتھ ساتھ راولپنڈی انتظامیہ کی بھی دوڑیں لگ گئیں۔ وزیر اعلی میٹرو بس میں سوار ہوئے اور صدرسے ڈی چوک تک میٹرو ٹریک کا دورہ کیا۔ مختلف ٹرمینلز پر اترے ، دائیں بائیں جھانکا بھی اور متاثرہ مری روڈ کی مرمت کا جائزہ لیا۔ حکام وزیر اعلی کو اپنی سناتے رہے اور کبھی کان دبا کر ان کی سنتے رہے۔ وزیر اعلی شہباز شریف نے میٹرو بس منصوبے کی تعمیرمیں ساتھ دینے پر عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میٹرو بس منصوبے پر تنقید ناجائز ہے۔ اس منصوبے سے طلبائ، ڈاکٹرز ، ججز ، مریض اور عام شہریوں کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے منصوبے کی جلد تکمیل کی ہدایت کی تاہم افتتاح کیلئے حتمی تاریخ دینے سے گریز کیا۔ وزیر اعلی پنجاب کا دورہ ایک طرف اگر حقائق دیکھے جائیں تو پشاور موڑ پر میٹرو بس منصوبہ کے سب سے بڑے ٹرمینل اورآخری ٹرمینل ڈی چوک کی تکمیل میں متعدد روز درکار ہیں۔ جبکہ منصوبے کی تعمیر سے متاثر ہونے والی متعدد شاہراہوں کی مرمت کا بھی کافی کام باقی ہے۔