اسلام آباد(نیوزڈیسک)سیشن کورٹ اسلام آباد نے ہتک عزت اور ہرجانہ کیس میں عمران خان کو سولہ مئی تک جواب جمع کرانے کیلئے آخری موقع دے دیا۔ اسلام آباد کے سیشن جج تنویر میر نے سابق چیف جسٹس افتخار چودھری کی طرف سے عمران خان کیخلاف ہتک عزت دعویٰ کی سماعت کی۔ سماعت کے آغاز پر عمران خان کے وکیل بابر اعوان کے اسسٹنٹ خاور علی میر کی جانب سے متفرق درخواست دائر کی گئی جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ فاضل عدالت کو بیس کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے ہرجانے کا کیس سننے کا اختیار نہیں ، انہوں نے اعتراض عائد کیا کہ درخواست گزار افتخار چودھری کے وکیل نے مقدمے کی عدالتی فیس جمع نہیں کرائی۔ اس پر سابق چیف جسٹس کے وکیل شیخ احسن الدین ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ عمران خان کے وکیل بار بار اختیار سماعت کے معاملے پر درخواستیں دے رہے ہیں، حالانکہ عدالت اس بارے میں پہلے ہی فیصلہ دے چکی ہے، افتخار چودھری کے وکیل توفیق آصف نے کہا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان مقدمے میں جواب دینا ہی نہیں چاہتے۔ عدالت نے عمران خان کو سولہ مئی تک جواب جمع کرانے کیلئے آخری موقع دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔
مزید پڑھئے:سلطان محمود غزنوی عظیم فاتح یا۔۔۔