ممبئی ( شوبز ڈیسک) فلم ’‘سپر تھرٹی‘‘ کی شوٹنگ میں مصروف ایکشن ہیرو ہریتھک روشن آج کل اپنی سابقہ بیوی سوزین خان کے ساتھ گھومتے نظر آتے ہیں، جس وجہ سے خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ دوبارہ شادی کرنے والے ہیں۔44 سالہ ہریتھک روشن اور 39 سالہ سوزین خان کے درمیان 2014 میں طلاق ہوگئی تھی۔دونوں نے زندگی کے 14 سال ایک ساتھ گزارنے کے بعد خاموشی سے ایک دوسرے کو خدا حافظ کہا۔تاہم بعد ازاں یہ خبریں بھی آئیں کہ ان دونوں کے درمیان طلاق کی وجہ ہریتھک روشن کی جانب سے بے وفائی اور ممکنہ طور پر اداکارہ کنگنا رناوٹ سے بڑھتی قربتیں ہیں۔لیکن ہریتھک روشن نے ان خبروں
کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی طلاق کی وجہ ان کی بے وفائی نہیں۔سوزین خان نے بھی اپنی طلاق پر خاموشی توڑی تھی اور ذو معنی الفاظ میں کہا تھا کہ ان کے تعلقات اس موڑ پر پہنچ چکے تھے، جہاں سے آگے بڑھنے ممکن نہیں تھا۔طلاق کے ابتدائی 2 سال تک وہ ایک دوسرے سے دور رہے، تاہم طلاق کا تیسرا سال ان کے لیے اچھا ثابت ہوا اور وہ اپنے 2 بچوں کی وجہ سے ایک دوسرے کے قریب آنے لگے۔گزشتہ 2 سال سے انہیں متعدد بار ایک ساتھ دیکھا گیا، ساتھ ہی دونوں کی جانب سے ایک دوسرے کے لیے کہے گئے تعریفی جملوں کی وجہ سے یہ چہ مگوئیاں ہونے لگیں کہ وہ جلد دوبارہ شادی کرنے والے ہیں۔