لاہور ( این این آئی)سینئر اداکار ایوب کھوسو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے امیدوروں کی چاروں صوبوں میں کامیابی سے ثابت ہو گیا ہے کہ وہ ایک مقبول قومی سیاسی جماعت ہے ،مجھے اپنے الیکشن ہارنے کا اتنا افسوس نہیں جتنی پیپلز پارٹی کی کامیابی پر خوشی ہے۔ انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری پاکستان کی پارلیمانی تاریخ میں اہم کردار ادا
کریں گے ۔ خاص طور پر ہمارے نوجوان چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کم عمری میں اپنی ذہانت سے جو نام اور مقام بنایا ہے وہ قابل تحسین ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری ایک مثبت سوچ کے سچے پاکستانی سیاستدان کے طور پر ابھر کر سامنے آئے ہیں اور انکی مثبت سیاست سے ملک میں گہرے اثرات مرتب ہوں گے اور آنے والے انتخابات پیپلز پارٹی شاندار کامیابیوں سے ہمکنار ہو گی ۔