کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک )حکومت کی طرف سے اعلان کردہ ایمنسٹی اسکیم کے تحت اب تک سب سے زیادہ ٹیکس کراچی کی رہائشی خاتون مریم علی نے دیا ۔انہوں نے تین ارب تیس کروڑ روپے ٹیکس ادا کر کے کالا دھن سفید کیا ۔ معلومات کے مطابق مریم علی کے تمام اثاثے اور دولت بیرون ملک ہے جس کا حجم 165 ارب روپے ہے ۔مریم نے ایمنسٹی سکیم سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اثاثوں اور دولت کو پاکستان لانے کے لیے اس پر دو فی صد کے حساب سے ٹیکس ادا کیا ہے ۔
واضح رہے کہ حکومت کی اعلان کردہ ٹیکس ایمنسٹی سکیم کے تحت اب تک55ہزار 225افراد نے اپنے اثاثے ظاہر کئے ۔ وزارت خزانہ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سکیم کے بارے میں عوامی ردعمل مثبت ہے اور ظاہر کئے گئے غیر ملکی اور ملکی اثاثوں کی مالیت بالترتیب 577اور 1192ارب روپے کے لگ بھگ ہے۔اثاثے ظاہر کرنے والوں نے تقریباً 97ارب روپے ادا کئے ہیں جن میں سے36ارب روپے غیرملکی اثاثوں پر اور 61ارب روپے ملکی اثاثوں پر وصول کئے گئے ہیں۔