لاہور(نیوز ڈیسک) پاکستان میں 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات سے قبل کئی چوٹی کے امیدواروں کے ٹوئٹر فالوورز کی تعداد میں ہزاروں کی تعداد میں کمی ہوئی ہے ۔نجی ٹی وی نے ٹوئٹرانتظامیہ کے ایک اعلان کے حوالے سے کہا ہے کہ تمام لاکڈ اکاؤنٹس ختم کردئیے گئے یعنی ایسے اکاؤنٹس جن پر صارف کے ناپسندیدہ رویے یا انتظامی پالیسیوں کی خلاف ورزی کی بنا ء پرپابندی عائد کردی گئی تھی اور انہیں لاک کردیا گیا تھا نہیں مستقل بنیادوں پربند کیا جا رہا ہے۔ عمران خان،
مریم نواز، بلاول بھٹو سمیت کئی اہم شخصیات کو فالوکرنے والوں میں لاکڈ اکاؤنٹس والے بھی شامل تھے لیکن ٹوئٹر انتظامیہ کے اس اقدام کے نتیجے میں عمران خان کے مداحوں میں 75ہزار 634 افراد کی کمی ہو گئی ہے۔ بلاول بھٹو بھی اس نقصان کی زد میں ہیں جن کے ٹوئٹر فالوورز میں 16ہزار 557 صارفین کی کمی ہو گئی ہے۔اس کے علاوہ اس فہرست میں ایون فیلڈ کیس میں سزا یافتہ مریم نواز کا نام بھی شامل ہے جن کے فالوورز 29ہزار274کی تعداد میں کم ہوچکے ہیں۔