لندن (انٹرنیشنل ڈیسک)انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ”ایمنسٹی انٹرنیشنل” نے مقبوضہ مغربی کنارے میں قائم کی گئی اسرائیل کی غیرقانونی بستیوں میں تیار ہونے والی مصنوعات کے بائیکاٹ کے حوالے سے آئرلینڈ کی پارلیمنٹ میں منظور کردہ فیصلے کو جرات مندانہ اور قابل تقلید قرار دیا ہے۔ایمنسٹی نے کہا ہے کہ آئرش پارلیمان کا یہودی کالونیوں اور ان میں تیار ہونے والی مصنوعات کے بارے میں فیصلہ عالمی قوانین کے عین مطابق ہے۔ دوسرے ممالک کو بھی آئرلینڈ کی اتباع کرنا چاہیے۔’ایمنسٹی’ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے۔
غرب اردن میں قائم کی گئی یہودی کالونیاں غیرقانونی ہیں اور عالمی قوانین کی رو سے ان میں تیارہونے والی مصنوعات کی خریداری درست نہیں۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیلی کالونیوں کی مصنوعات کی خریداری صہیونی ریاست کی توسیع پسندانہ سرگرمیوں میں مدد کرنے کے مترادف ہے۔عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ فلسطین میں یہودی توسیع پسندی کیاقدامات کی حوصلہ شکنی کریں۔ اسرائیل میں کار خانے لگانے والی کمپنیوں اور اداروں کابائیکاٹ کیا جائے اور اسرائیل کے ساتھ لین دین اور تجارتی روابطہ منقطع کیے جائیں۔