اسلام آباد (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماء وسابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کی اڈیالہ جیل منتقلی میرے لئے دکھ کا باعث ہے، مجھے تکلیف ہو ئی،اللہ کسی دشمن کو بھی جیل نہ دکھائے،
میں نے ہمیشہ مخلص ہو کر نواز شریف کو اسی دن سے بچنے کیلئے مشورے دیئے۔اڈیالہ جیل کے قریب علاقے میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا کہ میرا مسلم لیگ سے 34 سال کا تعلق ہے،ہم 12 سے 14 افراد نے مسلم لیگ (ن) بنائی تھی تاہم یہ جماعت بنانے والے افراد نواز شریف سے الگ ہو گئے لیکن صرف میں نواز شریف کے ساتھ کھڑا رہا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی گرفتاری پر دکھ اور افسوس ہے ، اس سے مجھے تکلیف ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ ان سے مخلص ہوکر ان کو مشورے دیئے اور اسی دن سے بچنے کیلئے انہیں فوج اور عدلیہ سے لڑائی نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا، قوم آج فیصلہ کرے کہ کیا نواز شریف کو میرا مشورہ غلط تھا؟انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کسی دشمن کو بھی اڈیالہ جیل نہ دکھائے۔