اسلام آباد(نیوز ڈیسک) انتخابات 2013ءکی تحقیقات کرنے والے جوڈیشل کمیشن نے تحریک انصاف کے وکیل کی استدعا پر سابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی کو کمرہ عدالت سے باہر جانے کا حکم دیدیا ۔تحریک انصاف کے وکیل عبدالحفیظ پیرزادہ نے چیف جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں جسٹس امیر ہانی مسلم اور جسٹس اعجاز افضل خان پر مشتمل تین رکنی جوڈیشل کمیشن کے روبرو جب سابق چیف سیکرٹری پنجاب جاوید اقبال بیان ریکارڈ کرنے کیلئے پیش ہوئے تو اس دوران نجم سیٹھی بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے جس پر تحریک انصاف کے وکیل نے اعتراض کیا اور کہا کہ ایک وقت میں ایک گواہ بیان ریکارڈ کیاجاسکتا ہے جس پر چیف جسٹس ناصر الملک نے کہا کہ نجم سیٹھی کو ہم نے نہیں بلایا وہ خود سے آئے ہوئے تھے انہوں نے نجم سیٹھی کو جاوید اقبال کے بیان ریکارڈ کرانے اور جرح پر باہر جانے کا حکم دیدیا ۔ چیف جسٹس نے مزید کہا کہ اگر کوئی اور گواہ بھی موجود ہے تو وہ کمرہ عدالت سے باہر چلا جائے بعد ازاں تحریک انصاف کے وکیل نے جاوید اقبال پر جرح کا آغاز کیا ۔