بغداد(انٹرنیشنل ڈیسک)عراقی وزیراعظم حیدر العبادی نے حکم دیا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف جاری سزائے موت کے فیصلے پر فوری عمل درآمد کیا جائے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سرکاری بیان کے مطابق العبادی نے حکم دیا کہ جن دہشت گردوں کے خلاف سزائے موت کے قطعی احکامات ہیں ان سے فوری طور پر منصفانہ قصاص لیا جائے۔مشترکہ آپریشنز کی کمان کے ساتھ اجلاس کے
دوران وزیراعظم العبادی نے مقتول یرغمالیوں کے خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ ہم وعدہ کرتے ہیں کہ اس جرم کے مرتکب عناصر کو قتل کر دیا جائے گا یا پھر پکڑ لیا جائے گا۔العبادی کے مطابق فورنزک میڈیکل رپورٹ سے تصدیق ہوتی ہے کہ دہشت گردوں نے اس جرم کا ارتکاب پانچ روز سے زیادہ عرصہ پہلے کیا۔ اس کا مطلب ہوا کہ جب وڈیو منظر عام پر آئی تو وہ قتل کیے جا چکے تھے۔