اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک) تمام ممالک کی کوشش ہوتی ہے کہ ان کے ہاں سیاحت کو فروغ ملے۔ جس کے لیے سیاحوں کو مختلف طریقوں سے راغب کیا جاتا ہے لیکن عرب ملک لبنان کے شہر برمانا کے میئر نے سیاحت کے فروغ کے لیے جو قدم اٹھایا ہے ، وہ دنیا کے کسی دوسرے ملک میں کم از کم سیاحت کے فروغ کے حوالے سے نہیں اٹھایا گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق برمانا کے میئر نے سیاحت کو فروغ دینے کے لیے گلیوں میں پیٹرولنگ کرنے والی خاتون پولیس اہلکاروں کو مختصر کپڑے پہنا دئیے۔ان کا خیال ہے کہ اس سے ملک میں سیاح بھی آئیں گے اور ملک کا تاثر بھی دنیا کے سامنے بہتر ہوگا۔برمانا کے میئر پیری ایچکرکا کہنا ہے کہ بحیرہ روم کے علاقے کے 99 فیصد سیاح شارٹس پہنتے ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ دلکش ٹریفک پولیس کا نیا سکواڈ ٹاؤن میں سیاحت کے فروغ اور ملک کے تاثر کو بہتر بنانے میں مددگار ہوگا۔جونہی ان خواتین کی تصاویر سوشل میڈیا پر آئیں صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آرہا ہے۔