اسلام آباد/لاہور( این این آئی)سول ایوی ایشن کے سابق ڈائریکٹر جنرل ائیر مارشل (ر) عاصم سلیمان کو قومی ائیر لائنز کا چیئرمین مقرر کر دیا گیا ۔ اس سلسلہ میں سمری وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو ارسال کی گئی تھی اور منظوری کے بعد اس کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے ۔علاوہ ازیں چیئرمین پی آئی اے عاصم سلیمان کی تعیناتی کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا ہے۔ آئینی درخواست ایڈووکیٹ نبیل کاہلوں کی جانب سے دائر کی
گئی جس میں وفاقی حکومت، مشیر برائے وزیر اعظم اور ڈی جی سول ایوی ایشن کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ چیئرمین پی آئی اے عاصم سلیمان کو قانون کے برعکس تعینات کیا گیا جس کیلئے اخبار میں اشتہار بھی نہیں دیا گیا جو کہ قانون کے منافی ہے۔درخواست میں نشاندہی کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن بھی کسی ادارے میں بھرتی پر پابندی لگا چکا ہے لہٰذا عدالت چیئرمین پی آئی اے کی تعیناتی کالعدم قرار دے۔