لاہور ( این این آئی) بجلی کی طلب بڑھنے پر پیپکو کی طرف سے ملک بھر میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ شروع کر دی گئی ، ہر فیڈرز پر کم از کم دو سے چار گھنٹے لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جبکہ دیہی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کئی گھنٹوں پر محیط ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پیپکو نے بجلی کی طلب اور رسد بڑھنے پر لوڈشیڈنگ شیڈول معطل کردیاہے اور ہر گرڈاسٹیشن سے فیڈرز کی مختلف اوقات میں بندش کی جارہی ہے جس میں لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ فیڈرز پر شامل ہیں ۔
ذرائع کے مطابق ہرفیڈرز کوکم ازکم 2 سے 4 گھنٹے کیلئے بند کیا جارہا ہے جبکہ لاہور کے مضافاتی علاقے بدترین لوڈشیڈنگ کا شکار ہیں۔دیہی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کئی گھنٹوں پرمحیظ ہے جس سے روزہ دار شدید مشکلات سے دوچار ہیں ۔ذرائع کے مطابق بجلی کی طلب 22 ہزار میگاواٹ سے بھی تجاوز کرگئی ہے جبکہ ڈسٹری بیوشن سسٹم کو بچانے کے لئے لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔ پیپکو نے ہائی لائن لاسز علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ مزید بڑھا دیا ہے۔