لاہور(این این آئی )وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے ڈی ایس آفس لاہور میں آتش زدگی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ریلوے ہیڈکوارٹرز ، ریلوے اسٹیشن ، ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ آفس سمیت تمام دفاتر اور اہم مقامات کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ وزیر ریلویز نے ڈی ایس آفس لاہور میں آتش زدگی کے واقعے کی رپورٹ طلب کی۔ خواجہ سعد رفیق کو بتایا گیا کہ ریلوے کا تمام اہم ریکارڈ محفوظ ہے۔
آگ لگنے کے واقعے پر ڈویژنل پرسانل آفیسر اور ایس ایس پی ریلوے پولیس عتیق الرحمان پر مشتمل تحقیقاتی کمیٹی کام کررہی ہے۔ ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ لاہور سفیان سرفراز ڈوگر نے ڈی ایس آفس میں خفیہ کیمرے بھی لگوادئیے ہیں اور دفاتر میں داخلے کے مقامات کو بھی محفوظ بنایا جارہاہے۔ خواجہ سعد رفیق کو بتایا گیا کہ آگ لگنے کے واقعے کی ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے اور ان نامعلوم شرپسندوں کے خلاف بھی ایک دوسرا مقدمہ درج کرلیا گیاہے جنہوں نے ڈی ایس آفس میں آگ لگانے کی کوشش کی مگر بھرپور انتظامات کی وجہ سے ناکام رہے اور فرار ہوگئے۔ آئی جی ریلوے پولیس ڈاکٹر مجیب الرحمان نے بتایا کہ وفاقی وزیر ریلویز کی ہدایت پر ہیڈکوارٹرز ، ریلوے اسٹیشن اور ڈی ایس آفس میں پولیس کی نفری بڑھا دی گئی ہے۔ ڈی جی ایم آفس سے جاری مراسلے میں تمام اسٹاف کو اس حوالے سے ہائی الرٹ رہنے اور اہم ریکارڈ کو مزید محفوظ بنانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ وزیر ریلویز کو بتایا گیا کہ نئے ریلوے اسٹیشنوں کی تعمیر کا ریکارڈ ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ آفس کی بجائے نیسپاک میں موجود ہے اور لینڈ ریکارڈ کی بھی کمپیوٹرائزیشن کی جاچکی ہے۔لہٰذا اہم ریکارڈ کے ضائع ہونے کی تمام افواہیں بے بنیاد ہیں۔ خواجہ سعد رفیق نے حفاظتی انتظامات کو مزید موثر بنانے کی ہدایات دیں۔