نواب شاہ(آئی این پی )کراچی سے پنجاب جانے والی پاکستان ایکسپریس کو دھماکہ خیز مواد سے اڑانے کی کوشش ناکام ،لنڈو ریلوے اسٹیشن کے قریب اپ ریلوے ٹریک پر نصب دیسی ساختہ بارودی مواد دھماکے سے پھٹ گیا،ریلوے ملازم اقبال زرداری زخمی،تفصیلات کے مطابق لنڈو ریلوے ٹریک اسٹیشن کے قریب 272نائٹیکل میل اپ ریلوے ٹریک پر دیسی ساختہ بارودی مواد بیٹری بم کے ساتھ نصب کیا گیا تھا جسے گشت پر مامور ریلوے ملازم گن مین اقبال زرداری نے دیکھ کر تھیلے کو ٹریک سے
ہٹانے کی کوشش کی تو اس دوران بارودی مواد دھماکے سے پھٹ گیا جس سے ریلوے ملازم اقبال زرداری شدید زخمی ہو گیا جسے فوری طبی امداد کیلئے پیپلز میڈیکل ہسپتال نواب شاہ منتقل کیا گیا،واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور انتظامیہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے بیٹری بم اور دیگر دیسی ساختہ بارودی مواد تحویل میں لے لیا،دھماکے سے ریلوے ٹریک کو کوئی نقصان نہیں پہنچا،عارضی طور پر ٹرینوں کی آمد رفت روک دی گئی تھی جسے کلیئرنس کے بعد بحال کردیا گیا ۔