مردان(اے این این)بخشالی ساولڈھیر روڈ پر نامعلوم افراد کی چلتی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں اے این پی کے رہنما اور ضلع کونسل کے ممبر سبز علی خان جاں بحق ہو گئے۔ مقتول کو رشتہ داروں کی گھر سے واپسی پر نشانہ بنایا گیا جبکہ نامعلوم ملزمان جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔پولیس تھانہ جبر کے مطابق اے این پی کے رہنما اور ضلع کونسل کے ممبر سبز علی خان ولد باورخان گزشتہ رات اپنے رشتہ داروں کے گھر سے
ساولڈھیر آرہے تھے کہ بخشالی ساولڈھیر روڈ پر نامعلوم ملزمان نے ان کی ایکس ایل آئی گاڑی نمبر 255 اسلام آباد پر اندھا دھند فائرنگ کی جس سے وہ جاں بحق ہو گئے جبکہ ملزمان جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔مقتول کی لاش کو مردان میڈیکل کمپلیکس پہنچایا گیا جہاں پر پوسٹمارٹم کے بعد لاش ورثاکے حوالے کر دی گئی۔ پولیس نے مقتول کے بھائی جمشید خان کی رپورٹ پر نامعلوم ملزمان کے خلاف ایف آئی ار درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔