خوشی ہوگی کہ عامر اپنا ٹیسٹ کرئیر ڈھائی تین سو وکٹس کے ساتھ ختم کریں ٗ انٹرویو
لندن (این این آئی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ دنیا کے عظیم کھلاڑی ٹیسٹ میچز میں اپنی پرفارمنس سے پہچانے جاتے ہیں ٗعامر بہت باصلاحیت ہے ٗ اس لیے ان کی خواہش ہے کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلتا رہے ۔ایک انٹرویو میں وسیم اکرم نے محمد عامر کی پرفارمنس
کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ محمد عامر ابھی کم عمر ہے ٗاس نے 31 ٹیسٹ میں 100وکٹ حاصل کررکھے ہیں جو کہ بڑی بات ہے ۔انہوں نے کہاکہ مجھے لگتا ہے عامر محدود اوورز کی کرکٹ میں زیادہ دلچسپی لیتے ہیں تاہم بحیثیت سابق ٹیسٹ کرکٹرمیں عامر کو مشورہ دیتاہوں کہ بڑے کھلاڑی ٹیسٹ کرکٹ میں ہی اپنی پرفارمنس سے عظیم بنتے ہیں، اس لئے محمد عامر کو ٹیسٹ کرکٹ جاری رکھنا چاہیے ۔وسیم اکرم نے کہاکہ وہ بہت باصلاحیت ہے ، انہیں خوشی ہوگی کہ عامر اپنا ٹیسٹ کرئیر ڈھائی تین سو وکٹس کے ساتھ ختم کریں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ورلڈ کپ کی تیاری ابھی سے شروع کردینی چاہیے اور25 کھلاڑیوں کو پول کا اعلان کر دینا چاہیے تاکہ سب ہی پلیئرز فٹنس سمیت پرفارمنس بہتر کرسکیں ۔