لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) سینئر صحافی سہیل وڑائچ نے ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے ممبئی حملوں پر بیان دے کر اسٹیبلشمنٹ مخالف ووٹ بینک کو اکٹھا کرنے کی کوشش کی ہے اور ساتھ ہی عالمی طاقتوں کو یہ بتانے کی بھی کوشش کی ہے کہ انہیں کرپشن پر نہیں بلکہ اسٹیبلشمنٹ کے بیانیے سے اختلاف کی سزا دی جا رہی ہے۔ سینئر صحافی نے مزید کہا کہ پاکستان میں پہلے بیانیے کی بنیاد پر الیکشن ہوتے تھے لیکن اس بار توقع
تھی کہ پرفارمنس کی بنیاد پر انتخابات ہوں گے،انہوں نے کہا کہ سب نارمل چلتا رہتا تو پرفارمنس اور ایجنڈے پر الیکشن ہوتا چونکہ اب صورتحال مختلف ہے تو نواز شریف کو یہ راستہ بہتر نظر آیا کہ وہ اینٹی اسٹیبلشمنٹ فورسز میں نام لکھوا کر ووٹ حاصل کریں۔ سینئر صحافی سہیل وڑائچ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو اینٹی اسٹیبلشمنٹ سمجھا جاتا رہا ہے اب چونکہ پنجاب میں پیپلز پارٹی کا خاص حصہ باقی نہیں رہا ہے تو یہ حصہ نواز شریف نے حاصل کرنے کی کوشش کی ہے۔